24 اگست 2015 - 10:01
ایران اور برطانیہ کے تعلقات نئے مرحلے میں داخل

وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ ایران اور برطانیہ کے تعلقات باہمی احترام اور مفید پالیسیوں کی بنیاد پر ایک نئے مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اتوار کے دن تہران میں برطانوی وزیر خارجہ فلپ ہیمنڈ کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ ایران اور برطانیہ کے تعلقات کچھ عرصے تک کشیدہ رہنے کے بعد آج تہران اور لندن میں ان ممالک کے سفارت خانے کھول دیئے گئے ہیں۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے ایران اور برطانیہ کے تعلقات میں آنے والے نشیب فراز کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات باہمی احترام اور مفید پالیسیوں کی بنیاد پر ایک نئے مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں۔ محمد جواد ظریف نے کہا کہ ایٹمی معاہدے پر عملدرآمد، انتہاپسندی اور فرقہ واریت سے مقابلے اور خطے میں منشیات کی پیداوار اور اسمگلنگ کی روک تھام جیسے امور کے سلسلے میں اسلامی جمہوریہ ایران اور برطانیہ کے مواقف آپس میں ملتے جلتے ہیں اور مشترکہ جامع ایکشن پلان کی وجہ سے جو موقع حاصل ہوا ہے اس سے دو طرفہ اقتصادی تعلقات میں توسیع کے لئے فائدہ اٹھایا جانا چاہئے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے اس امید کا اظہار کیا کہ ایران اور برطانیہ کے تعلقات میں توسیع کے ساتھ داعش، انتہاپسندی، دہشت گردی اور فرقہ واریت جیسے مسائل سے نپٹنے کے سلسلے میں زیادہ سنجیدہ پالیسیاں اختیار کی جائیں گی۔ برطانوی وزیر خارجہ فلپ ہیمنڈ نے بھی اس پریس کانفرنس میں کہا کہ ایران اور برطانیہ آپس میں وسیع پیمانے پر اقتصادی تعلقات برقرار کرنا چاہتے ہیں اور دونوں ممالک کے سفارت خانوں کا کھولا جانا اس سلسلے کا پہلا قدم ہے۔ برطانوی وزیر خارجہ نے ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان ہونے والے ایٹمی معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ امریکا بھی مکمل جائزے کے بعد مناسب فیصلہ کرتے ہوئے ایٹمی معاہدے کی حمایت کرے گا۔

.......

/169